آئی سی سی رینکنگ، ٹاپ 10 میں بابر کے ساتھ امام بھی شامل
Reading Time: < 1 minuteانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیسٹ اور ون ڈے رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے شعبوں میں اپنی پوزیشن مزید بہتر کی ہے۔
بدھ کو جاری کردہ رینکنگ میں بابراعظم اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور امام الحق نے نئی رینکنگ میں اپنی پوزیشن غیرمعمولی طور پر بہتر کی ہے۔
آئی سی سی نے بھی خاص طور پر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور اس کے نتیجے میں عالمی درجہ بندی میں ان کی نمایاں پوزیشن کا تذکرہ کیا۔
آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دو سنچری اور ایک نصف سنچری اننگز کھیلنے والے بابراعظم نے ون ڈے کرکٹ کے ٹاپ بیٹر کی پوزیشن برقرا رکھی ہے۔
بابراعظم 891 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جب کہ وراٹ کوہلی 811 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سب سے بہتر کارکردگی امام الحق کی رہی، جو آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں اپنے ون ڈے کرکٹ کیریئر کی بہترین پوزیشن پر موجود ہیں۔
ون ڈے کرکٹ کے بیٹسمینوں کی رینکنگ میں امام الحق، بابراعظم اور وراٹ کوہلی کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 795 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ یہ پوزیشن حاصل کرنے والے امام الحق کی رینکنگ سات درجے بہتر ہوئی ہے۔