عمران خان نے 14 کروڑ کے سرکاری تحائف بیچے، فواد چوہدری کا اعتراف
سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عمران خان کے بطور وزیراعظم ملنے والے تحائف بیرون ملک فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
جمعے کو اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے۔
شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ تصدیق کر سکتے ہیں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان کو بھی ایک بار گھڑی تحفے میں ملی تھی جسے انہوں نے توشہ خانہ میں جمع کرا دیا تھا، اور یہ کہ ان کو کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے وزیراعظم کے بیان کے بعد کہا کہ عمران خان کو بطور وزیراعظم بیرون ملک گھڑی ملی جو انہوں نے بعد ازاں توشہ خانے سے خرید کر باہر بیچ دی تو اس میں جرم کیا ہے؟
فواد چوہدری کے مطابق گھڑی پانچ کروڑ کی ہو یا دس کروڑ کی جب کسی نے خرید کر بیچ دی تو اس میں کچھ غلط نہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ غلط یہ ہے کہ ریاست پاکستان کی ملکیت چیز سستی خرید کر ذاتی فائدے کے لیے بیرون ملک کروڑوں روپے میں بیچ دی گئی۔

