معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں
پاکستان کی معروف سماجی کارکن بلقیس ایدھی انتقال کر گئیں۔
وہ سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی اہلیہ تھیں۔
جمعے کی شام بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے کی ہے۔
بلقیس ایدھی گذشتہ چند روز سے انتہائی علیل تھیں اور کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔
طبیعت بگڑنے پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’بلقیس ایدھی کا انتقال قوم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔‘
بلقیس ایدھی نے محض 16 برس کی عمر میں عبدالستار ایدھی کے نرسنگ سکول سے تربیت حاصل کی تھی۔
اسی ادارے میں دو برس تک خدمات انجام دینے کے بعد ان کی شادی عبدالستار ایدھی سے ہوگئی۔
بلقیس ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ انڈیا کی جانب سے انہیں 2015 میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا تھا۔

