پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے ایک سال کتنے میچز کھیلے گی؟ شیڈول جاری
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیموں کی آئندہ ایک سال کی مصروفیات پر مشتمل بین الاقوامی کرکٹ سیزن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق مئی 2022 سے مئی 2023 تک پانچ مینز اور پانچ ویمنز غیرملکی کرکٹ ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔
اس دوران قومی مینز کرکٹ ٹیم سات ٹیسٹ، 17 ون ڈے اور 25 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں شامل یہ سات ٹیسٹ میچز میں سے دو سری لنکا، تین انگلینڈ اور دو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 12 ون ڈے انٹرنیشنل میچز ویسٹ انڈیز، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے جائیں گے۔
اس دوران قومی کرکٹ ٹیم اے سی سی ٹی 20 ایشیا کپ اور آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھی شرکت کرے گی۔
ٹی 20 طرز کی کرکٹ میں ان دو ایونٹس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ 12 ماہ میں انگلینڈ کے خلاف سات، ویسٹ انڈیز کے خلاف تین اور نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2023 میں دورہ پاکستان میں پانچ ون ڈےانٹرنیشنل سمیت پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے گی۔
دوسری جانب قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو بھی آئندہ 12 ماہ میں چیلنجنگ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا۔