کانسٹیبل اقرا نذیر قتل کیس، ایس پی اسلام آباد عارف شاہ سمیت تین گرفتار
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں خاتون پولیس اہلکار اقرار نذیر کی پُراسرار موت میں ملوث تین پولیس افسران کی عدالت نے ضمانت منسوخ کر دی ہے۔
پیر کو اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال سپرا نے ایس پی عارف شاہ، کانسٹیبل افتخار اور محمد علی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لینے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ پولیس کی چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے کانسٹیبل اقرا نذیر کی پراسرار ہلاکت کی تحقیقات مکمل کر کے ایف آئی آر درج کی تھی۔
ورثا کے انکار کے بعد پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
آئی جی اسلام آباد کی بنائی گئی چار رکنی کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی آپریشنز ملک اویس احمد کے مطابق ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ایس پی عارف شاہ کی معطلی کی سفارش کی گئی تھی۔
ابتدائی طور پر اقرا نذیر کے والدین نے اس مقدمے کی پیروی کرنے سے انکار پر نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق اقرا نذیر کو بیہوشی کی حالت میں 18 مارچ کو پولی کلینک ہسپتال لایا گیا تھا جس کے بعد دوران علاج ہی ان کی موت واقع ہوئی۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا کہ ’اقرا کی موت انتہائی پراسرار حالات میں ہوئی، شبہ ہے کہ ان کو کوئی زہریلی چیز کھلائی گئی جس کے باعث موت واقع ہوئی۔‘
ملک اویس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ معلوم ہوا ہے کہ اقرا نذیر کا عارف شاہ کے گھر میں تواتر سے آنا جانا تھا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق خاتون کانسٹیبل کا ایس پی عارف شاہ کے گھر والوں سے بھی میل جول رہتا تھا کیونکہ وہ ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے تھے۔ تاہم جس دن ان کی موت واقع ہوئی اس روز اقرا نذیر جب واپس آئیں تو عارف شاہ اپنے گھر میں اکیلے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق یہ تحقیقات جاری ہیں کہ اقرا نے خود زہر کھایا یا انھیں یہ کھلایا گیا۔
حال ہی میں کراچی یونیورسٹی سے امتیازی نمبروں سے گریجویشن کرنے والی اقرا کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے پڑھنہ (تناول) سے تھا جبکہ ان کے والدین کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔
اقرا کی دو بڑی بہنیں اور ایک بھائی بھی کراچی میں رہائش پذیر ہیں۔
اقرا نے سنہ 2019 میں اسلام آباد پولیس میں ملازمت اختیار کی تھی۔
اقرا اسلام آباد میں اپنے آبائی گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایس پی ٹریفک پولیس عارف شاہ کے گھر پر رہائش پذیر تھیں اور وہی انھیں پولی کلینک ہسپتال لے کر گئے تھے، جہاں ایک گھنٹے میں ان کی موت واقع ہو گئی۔
پولی کلینک ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ کانسٹیبل اقرا کو جب جمعے کو ہسپتال لایا گیا تو ان کی حالت خاصی تشویشناک تھی کیونکہ انھوں نے کیڑے مار دوا کھا رکھی تھی۔