آج منتخب اسمبلیوں نے اپنی آئینی آزادی کھو دی:رضا ربانی
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں سینیٹ کے سابق چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آج پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیاں آئین میں دی گئی اپنی آزادی سے دستبردار ہو گئیں۔ اعلیٰ عدلیہ ایوانوں کی داخلی کارروائیوں کے لیے ہدایات جاری کرتی ہے، اس میں قصور ہمارے سوا کسی کا نہیں۔
وزیراعلی پنجاب کے انتخاب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکمران اشرافیہ نے پہلے ہی پارلیمنٹ کو بے کار اور صوبائی اسمبلیوں کو ربڑ سٹیمپ بنا دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے تحت کام کرنے والے سویلین عہدے داروں نے جس طرح جان بوجھ کر آئین کی خلاف ورزی کی، اس نے ہمیں اس مرحلے پر پہنچا دیا ہے جہاں ایوان کی داخلی کارروائی عدالتوں کی فراہم کردہ نقطے والی لائن پر چلائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں کھوئی ہوئی یہ جگہ کم از کم ہماری زندگی میں واپس نہیں مل سکتی۔ایگزیکٹو اور حکمران اشرافیہ کے ذریعے پارلیمنٹ کا گلا دبایا جا رہا ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ایوان کی داخلی کارروائیوں میں عدالتی مداخلت اور "ریڈنگ ان” کا نظریہ بھی مدد نہیں کر رہا ۔اس سے پہلے کہ اس کی راکھ ہوا سے اڑا دی جائے، سیاسی جماعتوں کو اپنی آنکھوں سے پردہ ہٹانا چاہیے۔