اسلحہ لائسنس اور بلٹ پروف گاڑی، عدالت کا اینکرعمران ریاض کو ریلیف
Reading Time: < 1 minuteلاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف سے منسلک اینکر عمران ریاض خان کو ریلیف دیتے ہوئے ان کے اسلحہ لائسنس بحال کر دیے ہیں۔
منگل کو اینکر عمران ریاض کے اسلحہ لائسنس معطل کرنے اور بلٹ پروف گاڑی کا اجازت نامہ واپس لینے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس شہباز علی رضوی نے کی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کی جانب سے عمران ریاض کے اسلحہ لائسنس معطل کرنے اور بلٹ پروف گاڑی کا اجازت نامہ واپس لینے کے نوٹیفیکشن معطل کر دیے۔
عمران ریاض خان کی دو درخواستوں پر اُن کی جانب سے وکیل میاں علی اشفاق عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے اسلحہ لائسنس غیر قانونی طور پر معطل کیے۔
وکیل کے مطابق عمران ریاض کی جان کو خطرہ ہے اور ان کے لیے تھریٹس موجود ہے اسی لیے اسلحہ اور بلٹ پروف رکھی ہوئی ہے۔
وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلحہ لائسنس معطل کرنے کے احکامات قانونی طور پر درست نہیں اور بلٹ پروف گاڑی کا اجازت نامہ واپس لینا بھی غیر آئینی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے نوٹیفیکیشن معطل کر کے محکمہ داخلہ پنجاب اور پولیس سے جواب طلب کر لیا ہے۔
عمران ریاض کے ممنوعہ بور سمیت اسلحہ کے 16 لائسنس اور بلٹ پروف گاڑی کا اجازت نامہ گزشتہ ہفتے پنجاب حکومت نے منسوخ کیا تھا۔