پاکستان متفرق خبریں

رات 12 بجے عدالت کھولی مگر دھمکی پر کچھ نہ کیا: عمران خان

جولائی 15, 2022 2 min

رات 12 بجے عدالت کھولی مگر دھمکی پر کچھ نہ کیا: عمران خان

Reading Time: 2 minutes

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’انہیں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے تکلیف ہوئی۔‘

جمعرات کو ڈیرہ غازی خان میں ضمنی الیکشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ مراسلے کی کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں۔‘

’میں نے مراسلہ وفاقی کابینہ اور قومی سلامتی کمیٹی کے سامنے بھی رکھا، یہ مراسلہ صدر کو بھجوایا اور عدلیہ کو بھی بھجوایا تاکہ اس پر کمیشن بنے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آپ نے رات 12 بجے عدالت کھول لی لیکن ایک وزیراعظم کو دی گئی دھمکی پر کچھ نہیں کیا۔‘
’کیا عدلیہ کو صدر کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے پر تحقیقات نہیں کرنی چاہیے تھیں؟

انہوں نے کہا کہ ’اگر آپ انکوائری نہیں کرائیں گے تو کل کوئی بھی ان کے سامنے جھک جائے گا۔‘

’امریکی نائب وزیر خارجہ کی جانب سے دی گئی دھمکی عمران خان کی نہیں 22 کروڑ پاکستانیوں کی توہین ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’میں عدلیہ سے کہتا ہوں کہ اس سے زیادہ توہین کیا ہوسکتی ہے؟ ’پتا تو کراتے کہ ڈونلڈ لو نے کس کو پیغام دیا تھا۔‘

امریکی نائب وزیر خارجہ نے دھمکی دی کہ ’عمران خان کو نہ ہٹایا تو پاکستان کے لیے مشکلات پیدا ہوں گی۔‘

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’یہ ضمنی الیکشن مشکل ترین الیکشن ہے، یہ الیکشن امریکہ کے جوتے پالش کرنے والوں کو شکست دینے کا ہے۔‘

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو مخاطب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’تم ہفتے میں تین دن لاہور میں کیوں گزارتے ہو۔‘

’تم حمزہ شہباز اور مریم نواز کے قدموں میں کتنی مرتبہ بیٹھتے ہو؟ سکندر یہ قوم تمہیں معاف نہیں کرے گی۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو پیٹرول 150 روپے لیٹر تھا آج 250 روپے لیٹر ہے۔‘

’عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوگئی ہیں، شہباز شریف تم بھی ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت کم کرو۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے