اہم خبریں

پنجاب میں ضمنی انتخابات،رینجرزاور ایف سی تعیناتی کا فیصلہ

جولائی 15, 2022 2 min

پنجاب میں ضمنی انتخابات،رینجرزاور ایف سی تعیناتی کا فیصلہ

Reading Time: 2 minutes

وفاقی وزارت داخلہ نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جمعے کو وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت ضمنی انتخابات میں امن وامان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اوراعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب اور سندھ کے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشیں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور آتشیں اسلحہ کی پابندی کے احکامات کی خلاف ورزی پرفوری گرفتاری ہو گی۔

اجلاس میں آتشیں اسلحہ احکامات کی خلاف ورزی پر اسلحہ ضبطگی اورلائسنس منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کی ضمنی انتخابات کے حلقوں میں داخلے پرپابندی ہوگی۔

اجلاس میں گجرات سے لاہور لائے گئے 300 اسلحہ بردار افراد سے متعلق رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا اور ایسے مسلح افراد کے امن وامان پراثر انداز ہونے کے باعث پیشگی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزارتِ داخلہ میں 16 اور17 جولائی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال یقینی بنانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اور ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سول آرمڈ فورسز امن وامان کیلئے سندھ اور پنجاب حکومت کی مکمل معاونت کریں گی، پنجاب کے 6 انتہائی احساس حلقوں میں سکیورٹی کی اضافی نفری تعینات ہوگی، ان حلقوں میں لاہور کے 4، بھکر اور ملتان کا ایک ایک حلقہ شامل ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ کسی شخص کو اسلحہ کی نمائش یا اسلحہ ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے