پاکستان

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

ستمبر 30, 2022

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی

پاکستان میں وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے 63 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کمی کی جا رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 13 پیسے کمی کی گئی ہے، اور اس کی نئی قیمت 247 روپے 43 پیسے سے کم ہو کر 235 روپے 30 پیسے ہو گی۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے، اور نئی قیمت 186 روپے 50 پیسے ہو جائے گی۔ 

اسحاق ڈار نے مزید بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 10 روپے 19 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے 78 پیسے کمی کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ انکم  ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کر رہے ہیں۔

’چونکہ 30 ستمبر کو پہلی سہ ماہی ختم ہوئی ہے اس لیے ٹیکس کلیکشن کی کچھ تفصیلات بتانا چاہوں گا۔‘
 
ستمبر کے مہینے میں 685 ارب روپے کی کلیکشن ہوئی ہے، پہلی سہ ماہی یعنی یکم جولائی سے 30 ستمبر کے درمیان 1635 ارب روپے کا ٹیکس جمع ہوا ہے جبکہ ہدف 1609 ارب روپے کا تھا۔

وزیرخزانہ نے کہا اس مدت کے دوران 84 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال اسی سہ ماہی میں 62 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے