پاکستان

سیاسی مقابلہ بھی ہو گا لیکن ابھی ترجیح سیلاب متاثرین:بلاول بھٹو

اکتوبر 6, 2022

سیاسی مقابلہ بھی ہو گا لیکن ابھی ترجیح سیلاب متاثرین:بلاول بھٹو

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیلاب کے باعث 40 لاکھ ایکڑ زرعی زمین پر پانی آیا، تمام موجودہ وسائل سیلاب متاثرین کی امداد پر لگا دیئے۔ پاکستان میں برطانیہ جتنی زمین کا حصہ زیر آب ہے۔

جمعرات کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پوری دنیا کے سامنے سیلاب متاثرین کا مقدمہ پیش کیا۔ ہمارے لوگ زندہ رہیں تو سیاست کر سکیں گے۔ جہاں پانی نکلا ہے نقصانات کی تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے کورونا سے زیادہ معیشت پر اثر پڑا ہے لیکن حکومت سندھ دن رات سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہے ہیں۔ سیلاب کے باعث 40 لاکھ ایکڑ زرعی زمین پر پانی آیا، تمام موجودہ وسائل سیلاب متاثرین کی امداد پر لگادیے ہیں، سیلاب کا 50 فیصد پانی نکالا جا چکا ہے، مکمل پانی نکلنے کے بعد اصل نقصان کا اندازہ ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاریخی بارشیں ہوئیں، انفرا اسٹرکچرکو نقصان نظر آرہا ہے، کراچی میں بارش سے نقصان 30 ارب ڈالر کے نقصان میں شامل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا اسلام آباد کی طرف بڑھیں تو لگتا ہے الگ ملک ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ دو پاکستان ہوں، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک پاکستان میں سیاسی گیم ہوتا رہے، اس وقت ہمیں سیاست کا نہیں سوچنا، کچھ لوگ سازشیں کر رہے ہیں کہ سیلاب کے دوران ان کی حکومت کیسے آئے لیکن ہمارے لوگ زندہ رہیں گے تو سیاست کرسکیں گے۔

انہوں نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پورے پاکستان کو اون کر رہے ہیں، وزیراعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سب سے زیادہ دورے سندھ کے کیے اور وہ مدد کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کے سامنے سیلاب کے باعث پاکستان میں ہونے والی تباہی کا مقدمہ پیش کیا، امیر ممالک نے امیر بننےکے لیے ہم پر بوجھ ڈالا اور موسمیاتی تبدیلیاں لے آئے، ہم عالمی برادری سے بھیک نہیں انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی سانحات کا مل کر مقابلہ کیا ہے۔ الیکشن ہوتے رہیں گے سیاست ہوتی رہے گا۔سیاسی مقابلہ بھی ہو گا لیکن ابھی ترجیح سیلاب متاثرین ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے