وفاق کی درخواست مسترد،ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے:الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزارت داخلہ کی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئےاعلان کیا ہےکہ قومی اور صوبائی حلقوں کے ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اور صوبائی حلقوں کے ضمنی الیکشن 16 اکتوبر کو ہی کرائے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب 16 اکتوبر کو نہیں ہوگا۔
کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہی ہوں گے۔
سندھ حکومت نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے التوا کی درخواست مسترد کردی تھی۔

