اہم خبریں متفرق خبریں

فوجی عدالت ادریس خٹک کی اپیل پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے:ہائیکورٹ

اکتوبر 31, 2022 2 min

فوجی عدالت ادریس خٹک کی اپیل پر ایک ماہ میں فیصلہ کرے:ہائیکورٹ

Reading Time: 2 minutes

لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار ملٹری اپیل کورٹ کو ادریس خٹک کا کیس سماعت کے لئے مقرر کر کے ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیر کو لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کی۔

ادریس خٹک کے وکلا انعام الرحیم،ملک وحید اختر،ڈاکٹر محمد عثمان اور عبدالباسط تنولی نے موقف اپنایا کہ آئین کےآرٹیکل 37D کے تحت فوری اور سستے انصاف کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، ادریس خٹک کو 13نومبر 2019 اٹھایا گیا،ملٹری کورٹ نے نومبر 2021 میں انہیں چودہ سال کی سزا سنائی ۔فیصلے کے خلاف اپیل مقررہ مدت کے اندر دائر کر دی گئی۔

وکلا کا کہنا تھا کہ لگ بھگ ایک سال گزرنے کے باوجود نہ تو فیصلے کی مصدقہ کاپی فراہم کی گئی اور نہ ہی اپیل کو سماعت کے لئے مقرر کیا گیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد مذکورہ حکم جاری کردیا۔

قبل ازیں ادریس خٹک کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ درخواست گزار ایک سویلین تھا اور ایف جی سی ایم کسی شہری پر مقدمہ چلانے کا مجاز قانونی فورم نہ تھا، درخواست گزار کو مجرم قرار دیا گیا اور نومبر 2021 میں اسے 14 سال کی سزا سنائی گئی اور اسے سول جیل بھیج دیا گیا۔

درخواست گزار کو اس کے مقدمے کی کارروائی کی کاپی نہیں دی گئی تاکہ وہ ملٹری کورٹ آف اپیل سے رجوع کر سکے۔اس کے پاس جو بھی زبانی معلومات دستیاب تھیں اس کی بنیاد پر، درخواست گزار نے PAA 1952 کے سیکشن 133B کے تحت اپنے وکیل کے ذریعے ایک اپیل دائر کی اور اپنی اپیل کی تیاری کے لیے ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنے مقدمے کی کارروائی کی کاپی فراہم کرنے کی بھی درخواست کی۔

تاہم، تقریباً ایک سال گزر جانے کے باوجود درخواست گزار کو نہ تو اس کے مقدمے کی کارروائی کی کاپی فراہم کی گئی اور نہ ہی PAA 1952 کے سیکشن 133-B کے تحت ملٹری کورٹ آف اپیل کے سامنے مقرر کی گئی۔

عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو پاکستان آرمی ایکٹ رول 130 کی تعمیل میں درخواست گزار کے کیس میں ایف جی سی ایم ٹرائل کی کارروائی کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی ہدایت دی جائے۔
جواب دہندگان کو ہدایت کی جائے کہ درخواست گزار کی اپیل کو سماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور قانون کے مطابق جلد فیصلہ کیا جائے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے