تنقید کا ڈر نہیں،مقصد عدلیہ پر عوامی اعتماد کی بحالی:جسٹس اطہرمن اللہ
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا ہے کہ اگر سائلین کو سستا اور فوری انصاف نہُ ملے تو یہ عمارتیں بے معنی ہیں۔ستر سالہ نظام کو جادو کی چھڑی سے تبدیل نہیں کر سکتے۔
بدھ کو قانونی سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ سائلین کو سستا اور فوری انصاف ملنا چاہئے،ہمارا مقصد نظام کو تبدیل کرنا ہے،ہر شہری کو سستا اور فوری انصاف ملے یہی ہمارا مقصد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تنقید سے کوئی ڈر نہیں،تنقید سے کوئی گھبراہٹ نہیں ہوتی اور نہ ہی تنقید ہم پر اثرانداز ہو سکتی ہے،ہمیں عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل سات میں ریاست کی تشریح میں عدلیہ کا ذکر نہیں اس میں انتظامیہ ہے،امید کرتا ہوں کہ بات عمارتوں تک نہیں رکے گی بلکہ ریاست سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

