لانگ مارچ کر کے کہتے ہیں مرضی کا آرمی چیف لائیں گے:مولانافضل الرحمن
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی جس کا اختیار ہے وہی کرے گا،یہ لانگ مارچ کر کے کہتے ہیں مرضی کا آرمی چیف لائیں گے۔
پیر کو سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ آپ اندازہ لگائیں ایک معمول کا عمل ہے لیکن یہاں سیاسی قیادت کو بلیک کیا جا رہا ہے،آرمی چیف کی تعیناتی آئین و قانون کے مطابق ہو اور جس کا اختیار ہے وہی تعیناتی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں شامل جماعتیں ٹیم کی طرح کام کر رہی ہیں،مشکل معاشی صورت حال کو کنٹرول کر لیا گیا ہے،روپے کی گرتی قدر کو کنٹرول کیا گیا،پٹرولیم کی قیمتیں مستحکم ہیں،لوگوں پر بجلی کے بلوں کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،بہتر صورت حال کی طرف جا رہے ہیں،مل کر ملکی ترقی کی راہیں ڈھونڈیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے لئے خیبرپختونخوا،کشمیر اور بلوچستان جا رہا ہوں۔

