پی ٹی آئی کا راولپنڈی میں جلسہ، کارکنوں کی اسلام آباد میں داخلے پر پابندی
پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میں عوامی طاقت کا مظاہرے کر رہی ہے۔
سنیچر کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ مختلف شہروں سے قافلے راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔
عمران خان نے ملک بھر سے کارکنان کو جلسے میں شرکت کی ہدایت کر رکھی ہے۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق ایلیٹ کمانڈوز، ڈولفن فورس، ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر یونٹس کے 10 ہزار کے قریب افسران و اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان راولپنڈی میں کارکنان سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔
راولپنڈی مری روڈ پر رحمان آباد کے مقام پر پاکستان تحریک انصاف نے سٹیج تیار کیا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے قافلے راولپنڈی میں جمعے کی شب سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
پی ٹی آئی نے جلسہ گاہ سے ملحقہ علامہ اقبال پارک میں کارکنان کے ٹھہرنے کے لیے خیمہ بستی اور عارضی ٹائلٹس تیار کر رکھے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے قافلے کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ مختص روٹ سے گزرتے ہوئے قافلے راولپنڈی پہنچ رہے ہیں۔
پشاور سے آنے والے قافلے پشاور اور لاہور موڑ سے ہوتے ہوئے آئی جی پی روڈ استعمال کرتے راولپنڈی پہنچ رہے ہیں جبکہ جی ٹی روڈ سے آنے والے قافلے اولڈ ایئرپورٹ کے ذریعے جلسہ گاہ آئے۔

