عافیہ صدیقی رہائی کیس،وزارت خارجہ کی کارروائی پر اظہار عدم اطمینان
اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکہ میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کے حوالے سے درخواست پر وزارت خارجہ سے امریکہ سے خط و کتابت کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا۔
عدالت عالیہ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔
عدالتی حکم پر امریکا کے ساتھ کی گئی خط و کتابت کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا،عدالت نے دفتر خارجہ کی پیش کردہ خط و کتابت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو تمام خط و کتابت کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے دفتر خارجہ کے حکام سے مکالمے میں کہا کہ آپ نے دوبارہ وہی پراسس شروع کر دیا جو پہلے کر چکے ہیں۔جسٹس اعجاز اسحاق خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ جو خط و کتابت ہوئی ہے وہ دکھائیں، ایک ماہ کے بعد دوسری رپورٹ آئی ہے جو غیر تسلی بخش ہے۔
عدالت نے مذکورہ حکم دیتے ہوئے سماعت سات دسمبر تک ملتوی کر دی۔

