پاکستان

جنرل باجوہ کے بارے میں پرویز الہی سے کچھ طے نہیں ہوا تھا: عمران خان

دسمبر 19, 2022

جنرل باجوہ کے بارے میں پرویز الہی سے کچھ طے نہیں ہوا تھا: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’ہمارا پرویز الٰہی کے ساتھ سابق آرمی چیف کے متعلق بات کرنے پر کچھ طے نہیں ہوا تھا۔‘

پیر کو لاہور میں صحافیوں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ’میرے خطاب کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ادھر کوئی بات نہیں کی۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’(پرویز الٰہی نے) اُس وقت نہیں کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے خلاف بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔‘

وزیراعلٰی پنجاب جوہدری پرویز الٰہی نے اتوار کو نجی نیوز چینل اے آر وائی کو ایک انٹرویو میں عمران خان کے سابق آرمی چیف کے خلاف بیانات پر اعتراض اٹھانے ہوئے کہا ہے کہ ’پی ٹی آئی احسان فراموش نہ بنے۔‘

سنیچر کو چیئرمین پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان اور وزیراعلٰی پنجاب پرویز الٰہی کے ساتھ بیٹھ کر یہ اعلان کیا تھا کہ آئندہ جمعے کو دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی۔

چوہدری پرویز الٰہی کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’تین مہینے پہلے میں نے مونس الٰہی سے یہ بات کہی تھی کہ دیکھو باجوہ صاحب ہمارے محسن ہیں، آپ کے محسن ہیں، پی ٹی آئی کے محسن ہیں۔ خدا کا خوف کرو ان کے بارے میں نہ بولیں۔‘

پیر کو بھی عمران خان نے سابق آرمی چیف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے چوروں کو ملک پر مسلط کر دیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی ہمارے اتحادی ہیں اور ہمارے ساتھ ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے