پاکستان

عدم اعتماد کی تحریک، گورنر کی پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس

دسمبر 20, 2022

عدم اعتماد کی تحریک، گورنر کی پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس

وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد گورنر پنجاب نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کی ایڈوائس جاری کر دی ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیراعلٰی پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے تحریری طور پر لکھا ہے کہ ’پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر کافی دنوں سے یہ بات گردش کر رہی ہے کہ وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی اپنے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین اور اپنی پارٹی کے اراکین کا اعتماد کھو چکے ہیں۔‘

’گذشتہ کچھ ہفتوں سے دونوں حکومتی اتحادی جماعتوں کے مابین سیاسی سٹریٹیجی، اسمبلی کی تحلیل، ترقیاتی سکیموں اور سرکاری افسروں کی ٹرانسفر کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے اختلافات ہو چکے ہیں۔‘

آرڈر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’میں بطور گورنر اس بات سے متفق ہوں کہ وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں اس لیے آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت میں بدھ 21 دسمبر کو سہ پہر چار بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرتا ہوں جس میں وزیراعلٰی اعتماد کا ووٹ لیں۔‘

گورنر پنجاب کی ایڈوائس سے کچھ دیر قبل ہی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ میں سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کے نام جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا ہے اور صوبہ پنجاب کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جا رہے ہیں۔‘

’نیز ملکی صورتحال کے زیراثر انہوں نے صوبہ پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا ہے لہذا یہ ایوان چوہدری پرویز الٰہی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔‘

واضح رہے کہ 17 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے