فلم ’پٹھان‘ کے باعث شاہ رخ خان کو ’زندہ جلانے‘ کی دھمکی
Reading Time: < 1 minuteانڈیا کی ریاست اترپردیش میں ایک انتہاپسند ہندو رہنما نے بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو ’زندہ جلانے‘ کی دھمکی دی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں آیودھیا شہر سے تعلق رکھنے والے پنڈت پرامہنس اچاریا مہاراج کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ میں ان کے مذہب سے منسلک ایک رنگ کی تضحیک کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے اور میں ڈھونڈ رہا ہوں اگر وہ کہیں مل گیا فلم جہادی شاہ رخ خان کو میں زندہ جلا دوں گا۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی اور شاہ رخ خان کو جلا دیتا ہے تو وہ خود اس شخص کا مقدمہ لڑیں گے۔
ویڈیو کے آخر میں پرامہنس اچاریا مہاراج کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں سے اپیل کرنا چاہیں گے کہ فلم ’پٹھان‘ اور ایسی دیگر فلموں کا بائیکاٹ کریں۔
شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا جب فلم کا پہلا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز کیا گیا۔
انڈیا میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی وزیر ڈاکٹر نروتم مشرا نے گانے میں دیپیکا پاڈوکون کے لباس کو ’قابل اعتراض‘ دیا تھا اور مدھیہ پردیش میں فلم پر بابندی لگانے کی بھی دھمکی دی۔