امریکہ میں پاکستانی شہری کا ترک زلزلہ زدگان کے لیے تین کروڑ ڈالر کا خفیہ عطیہ؟
Reading Time: < 1 minuteامریکہ میں پاکستانی نژاد شہری نے اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر ترکیہ کے سفارت خانے میں زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے تین کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی شہری نے شناخت ظاہر کیے بغیر واشنگٹن ڈی سی میں واقع ترکیہ کے سفارت خانے کو ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے تین کروڑ ڈالر کی بڑی رقم عطیہ کی ہے۔
دی الیکشن پوسٹ کے ایڈیٹر ان چیف مصطفی تنیاری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترکیہ کے واشنگٹن ڈی سی میں تعینات سفیر مُراط میکران کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک پاکستانی بزنس مین نے ترکیہ کی امدادی مہم میں تین کروڑ ڈالر دیے ہیں۔‘
ترکیہ کے نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ سے وابستہ یوسف اِرم نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی بزنس مین کے اس عطیے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں نہیں معلوم وہ کون ہیں، ان کی شناخت کو ظاہر نہیں کیا گیا۔‘
ادھرپاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اپنے بیان میں گمنام پاکستانی شہری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’ایک گمنام پاکستانی کی مثال دیکھ کر دل بہت متاثر ہوا جو امریکہ میں ترکیہ کے سفارت خانے گیا اور ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے 30 ملین ڈالر کا عطیہ دے آیا۔ یہ انسانیت کی فلاح کے لیے شاندار کام ہیں جو انسانیت کو مشکلات پر فتح دلانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔‘
امریکہ میں مقیم ایک پاکستانی بزنس مین کے مطابق یہ ممکن نہیں کہ عطیہ خفیہ طور پر دیا گیا ہو کیونکہ قانون کے تحت ایسا نہیں کیا جا سکتا تاہم عطیہ دینے والے نے ترک حکام کو نام ظاہر یا مشتہر نہ کرنے کی درخواست کی ہوگی.