سپریم کورٹ میں بینچ فکسنگ ہو رہی ہے: مریم نواز
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کا بوجھ جب اسٹیبلشمنٹ نے اپنے کاندھوں سے اتار کر پھینک دیا تو یہ بوجھ سپریم کورٹ کے دو، تین ججوں نے اٹھا لیا ہے.
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پے در پے ملنے والی حالیہ ناکامیوں کے بعد ان ججوں نے انھیں (عمران خان) واپس لانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے۔
سرگودھا میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کی سربراہی میں ’پانچ کا ٹولہ‘ نواز شریف کے خلاف سازش میں ملوث تھا۔
انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’فیض حمید کو چونکہ آرمی چیف بننا تھا اس لیے انھیں ایک مہرے اور سیاسی چہرے کی ضرورت تھی۔ نواز شریف وہ مہرہ نہیں بن سکتے تھے اس لیے اس مقصد کے لیے عمران خان کا انتخاب کیا گیا۔‘
انھوں نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے عوام کو پتا ہے کہ بینچ فکسنگ ہو رہی ہے تو یہ سب آپ کو کیوں نہیں پتا چل رہا۔‘
’سپریم کورٹ نے انتہائی سینیئر دو ججوں کو چھوڑ کر ان ججوں کو شامل کیا گیا جن کے خلاف تحقیقات ہونی چاہییں تھیں۔
انھوں نے سپریم کورٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ الیکشن کے سلسلے میں صدر پاکستان، وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں کی ذمہ داری کو ضرور جانچیں مگر یہ بھی جانچیں کہ آپ کی بنیادی ذمہ داری کیا ہے، آپ کی ذمہ داری غیر متنازع بینچ بنانا ہے، کیا آپ نے وہ ذمہ داری پوری کی؟‘