کوہلی کا بیٹ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بول پڑا، 28 ویں سینچری بنا ڈالی
Reading Time: < 1 minuteدنیائے کرکٹ کے شہرت یافتہ انڈین بلے باز وراٹ کوہلی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 28 ویں سینچری سکور کر لی ہے۔
اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز وراٹ کوہلی نے 100 رنز مکمل کیے۔
یہ نومبر 2019 کے بعد اُن کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سینچری ہے۔
گزشتہ سوا تین برس کے عرصے میں سٹار بلے باز ٹیسٹ کرکٹ میں لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے تھے۔
وراٹ کوہلی کی سینچری پر اُن کے ٹیم کے کھلاڑیوں نے ڈریسنگ روم میں کھڑے ہو کر اُن کو داد دی جبکہ سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے بھی تالیاں بجا کر شاندار اننگز پر خراج تحسین پیش کیا۔
دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم سمجھے جانے والے احمد آباد میں وراٹ کوہلی کی بیٹنگ کو دیکھنے کے لیے چھٹی کے دن تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 480 رنز سکور کیے تھے۔ انڈیا کی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 430 رنز بنائے ہیں۔
سیریز کے پہلے دو میچز انڈیا نے جیتے جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم فاتح رہی تھی۔