عالمی خبریں

ایئر انڈیا کی پرواز ’مسافر کے نامناسب رویے‘ کے باعث آدھے راستے سے واپس

اپریل 11, 2023 < 1 min

ایئر انڈیا کی پرواز ’مسافر کے نامناسب رویے‘ کے باعث آدھے راستے سے واپس

Reading Time: < 1 minute

طیارے کے عملے کے ساتھ ’مسافر کے نامناسب رویے‘ کی وجہ سے لندن کے لیے ایئر انڈیا کی پرواز دہلی ایئرپورٹ پر واپس اتار دی گئی ہے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ مسافر کو طیارے سے اتار کر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ایئر انڈیا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ کے لیے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ایک مسافر نے عملے کے دو ارکان کے ساتھ نامناسب رویہ رکھا جس کی وجہ سے پائلٹ نے دہلی ایئرپورٹ واپسی کی اور مسافر کو سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے میں سب کی ’حفاظت، سکیورٹی اور احترام اور وقار‘ ایئر انڈیا کے لیے اہم ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر کے نامناسب رویے پر افسوس ہے۔ طیارہ لندن کے لیے دوپہر کو روانہ کر دیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹریٹ جنرل کے مطابق ایئر انڈیا کے بوئنگ 787 نے صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے اڑان بھری اور دہلی ایئرپورٹ پر پونے دس بجے واپسی کی۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے بھی واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔

فروری میں ایک انٹرویو میں ایئر انڈیا کے سی ای او کیمپ بیل ولسن نے کہا تھا کہ ’ڈیوٹی کے دوران طیارے کے عملے کو اکثر جسمانی اور زبانی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

ان کے مطابق ایسا کوئی دن نہیں ہوتا کہ ہمیں مسافروں کے نامناسب رویے سے متعلق شکایت نہ ملتی ہو۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے