اہم خبریں

دبئی کی بلڈنگ میں آتشزدگی، تین پاکستانیوں سمیت 16 ہلاک

اپریل 16, 2023 2 min

دبئی کی بلڈنگ میں آتشزدگی، تین پاکستانیوں سمیت 16 ہلاک

Reading Time: 2 minutes

متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے شہر میں آتشزدگی سے تین پاکستانیوں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق گنجان آباد علاقے میں اونچی عمارت میں آگ بھڑکنے سے نو افراد زخمی بھی ہوئے۔

دبئی حکومت کے میڈیا آفس کی طرف سے اتوار کو علی الصبح جاری ہونے والے ایک بیان میں دبئی سول ڈیفنس کے ترجمان نے کہا کہ دیرا کے الراس علاقے میں آگ لگنے کی وجہ سیکیورٹی اور حفاظتی تقاضوں کی تعمیل نہ کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ حکام حادثے کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے لیے جامع تحقیقات کر رہے ہیں۔

رات 12 بج کر 35 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور عمارت کو چھ منٹ بعد خالی کرا لیا۔

چوتھی منزل پر واقع ایک اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ پر تقریباً دو گھنٹے بعد دوپہر 2 بج کر 42 منٹ پر قابو پا لیا گیا۔

مرنے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دبئی سول ڈیفنس نے رہائشی اور تجارتی عمارتوں کے مالکان اور رہائشیوں کو حادثات سے بچنے اور لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے حفاظتی تقاضوں اور رہنما اصولوں کی تعمیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ عمارت سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔

خلیج ٹائمز اخبار کے مطابق عمارت میں ایک دکان میں کام کرنے والے ایک کارکن نے بتایا کہ اس نے زور سے دھماکے کی آواز سنی۔ چند لوگوں نے عمارت میں گھس کر کرایہ داروں کو بچانے کی کوشش کی لیکن دھواں بہت زیادہ تھا۔

فائر انجن، فائر مین اور پولیس افسران منٹوں میں موقع پر پہنچ گئے۔ وہ ایک کرین لائے اور لوگوں کی مدد کرنے لگے۔
خلیج ٹائمز میں ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کی تیز رفتار کارروائی سے بہت سی جانیں بچانے میں مدد ملی۔

الراس کا علاقہ ایک گنجان آباد علاقہ ہے جو پرانے دیرا میں واقع ہے جس میں گولڈ سوک اور سپائس سوک جیسی دیرینہ مارکیٹیں ہیں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے