پاکستان

دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے: آرمی چیف

اپریل 29, 2023

دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ہے: آرمی چیف

پاکستان کی فوج کے سرابرہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ امن کے لیے اُن کی کوششوں کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔

سنیچر کو آرمی چیف نے کاکول ملٹری اکیڈمی ایبٹ آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں کہا کہ ریاست کا محور پاکستان کی عوام ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پہلی اور سب سے اہم ذمہ داری ریاستِ پاکستان کے ساتھ وفاداری اور پاکستان کی مسلح افواج کو تفویض کردہ آئینی کردار سے وابستگی ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ "ہمارے لیے عوام کی حفاظت اور سلامتی سے زیادہ مقدس کچھ نہیں اور کوئی فرض مادرِ وطن کی حفاظت سے زیادہ اہم نہیں”

آرمی چیف کے مطابق "فوج ہمارے عظیم قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہے جس میں ذات، رنگ، نسل، جنس یا علاقائی تفریق نہیں”.

انہوں نے کہا کہ "ہم اپنے مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاک فوج اپنے اس فرض کو نبھانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔”

"افواجِ پاکستان کے غیور اور سر بکف سپاہی دشمن کی تعداد یا وسائل سے مرعوب نہیں ہوتے”

"افواجِ پاکستان اپنے مضبوط قوتِ ارادی ، وعدہِ پروردگار اور اُسی کے تابعِ فرمان ہیں”

آرمی چیف نے قرانِ مجید کی سورہِ بقرہ کی آیہِ کریمہ کے ایک حصے کی تلاوت کی، جس کا ترجمہ ہے کہ :
*” کتنی ہی بار ایسا ہوا کہ اللہ کی مرضی سے چھوٹی قوت نے بڑی طاقت کو شکست دی”*

"دشمن ریاستی اور سماجی ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتا ھے”

"دہشت گردی کی جنگ میں عوام اور ریاست کا کلیدی کردار ھے”

"بیش بہا قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے ۔

“دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں کوئی جگہ نہیں”

"ہمیں اپنے ظاہری اور چھپے ہوئے دشمن کو پہچاننا ہو گا اور اس ضمن میں حقیقت اور ابہام میں واضح فرق روا رکھنا ہوگا”

"دشمن عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں سرگرم ہے”

"عوام اور پاک فوج کے باہمی رشتے کو قائم و دائم رکھا جائے گا”

آرمی چیف نے کہا کہ "افغانستان میں استحکام ہماری سلامتی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے”

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ "ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے”
انہوں نے کہا کہ "پاکستان کشمیر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد اور حَقِ خودارادیت کے لیے اُن کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا”

ان کے مطابق "عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر، علاقائی امن ہمیشہ مبہم رہے گا”

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے