عمران خان نے ہائیکورٹ کو بھی مذاق بنا لیا ہے: چیف جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عدم پیشی پر سخت ناگواری ظاہر کی ہے۔
بدھ کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں درخواست ضمانت پر دوران سماعت عمران خان کی عدم پیشی پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس برہم ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو مذاق بنا کر رکھا ہوا ہے، ہائیکورٹ کو سول کورٹ سمجھ رکھا ہے کیا ؟
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی اوقات میں پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج کر دیں گے۔
چیف جسٹس نے سماعت میں وقفہ کیا.
قبل ازیں عمران خان کے وکلا نے اُن کی عدم پیشی پر حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی تھی۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کل (جمعرات) تک عمران خان کو پیشی کی آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر تحریک انصاف کے چیئرمین کل حاضر نہ ہوئے تو ضمانت کی درخواستیں مسترد تصور ہوں گی.
ہائیکورٹ نےعمران خان کو 9 مقدمات میں ضمانت دے رکھی ہے جس کی مدت میں توسیع کے لیے درخواستیں زیرالتوا ہیں.

