بلاول بھٹو کے اتحادیوں کو الیکشن کی تیاری کے چیلنج پر ن لیگی رُکن کا جواب
پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت الیکشن کے لیے تیار ہے اور اتحادی بھی تیاری کریں۔
سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پی پی پی انتخابات کے لیے تیار ہے اور اسی طرح تاریخ رقم کرنے کے لیے تیار ہے جس طرح اس نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’ہم اپنے اتحادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ خود کو تیار کریں اور الیکشن لڑیں تاکہ اگلی حکومت عوام کو درپیش مسائل کا حل نکالے۔‘
بلاول بھٹو کے جلسہ عام سے خطاب کے بعد مسلم لیگ ن کے طلال چوہدری نے جواب دیا ہے کہ اُن کی جماعت الیکشن کے لیے تیار ہے مگر پیپلز پارٹی ویسے الیکشن نہ کرائے جیسے کراچی کے میئر اور کشمیر کے ضلع باغ میں جیتی۔
بلاول بھٹو نے کہاتھا کہ ’وفاقی حکومت نے عالمی اداروں اور صوبائی حکومتوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ سیلاب متاثرین پر خرچ کیے گئے فنڈز کو پورا کرے گی۔ لہٰذا، ہم نے اپنے اتحادیوں سے رابطہ کیا تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے بجٹ میں سیلاب زدگان کی دیکھ بھال کریں۔‘
’ہمیں وزیراعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں کیونکہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے تباہی دیکھی۔ تاہم وزیراعظم سے اپنی ٹیم کے اندر خود کا جائزہ لینے اور اس عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے کہنا چاہتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم ہمارے تحفظات کو دور کریں گے اور ان کے حل کے لیے کام کریں گے۔‘

