پاکستان

آن لائن قرض دینے والی ایپس کے خلاف کارروائی، دو دفاتر سیل

جولائی 13, 2023

آن لائن قرض دینے والی ایپس کے خلاف کارروائی، دو دفاتر سیل

پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے آن لائن قرض فراہم کرنے والی غیر قانونی ایپس اور کمپنیوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں ان کمپنیوں کے دو دفاتر سیل کر کے کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، موبائل فون اور دیگر دستاویزات اور سازوسامان قبضے میں لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق آن لائن قرض دینے والی ایپس کے خلاف ایف آئی اے سرگرم ہے۔ سائبر کرائم سرکل کے اسلام آباد میں لون ایپس کے دو دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ میں واقع دفاتر سیل، لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔ چھاپے راولپنڈی میں خود کشی کرنے والے مسعود احمد کے موبائل ریکارڈ کی روشنی میں مارے جا رہے ہیں۔

آن لائن قرضہ ایپس کے ستائے ہوئے راولپنڈی کے شہری محمد مسعود نے منگل کو گلے میں پھندہ ڈال کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

مسعود احمد کے آخری آڈیو پیغام جو انہوں نے اپنی اہلیہ کو بھیجا، اس میں ان کمپنیوں کی جانب سے ڈالے گئے دباؤ کی جھلک واضح نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’نہ میں آپ کے قابل ہوں نہ بچوں کے۔ کوئی اور آپشن نہیں مجھے معاف کر دینا، بہت سارے لوگوں کے پیسے دینے ہیں، سود کے۔ انہوں نے میرا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ موت کے بعد میرا موبائل ایک ماہ تک بند رکھنا، بعد میں سمیں نکال کر بیٹے کو دے دینا۔

ترجمان کے مطابق ان ایپس کے خلاف مزید کارروائیوں کے لیے ایس ای سی پی سے بھی غیر قانونی لون ایپس کی معلومات لی جا رہی ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ایپس کے خلاف مزید کارروائی ہوگی۔ ان کارروائیوں میں غیر قانونی لون ایپس بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کو درخواست دی جائے گی، جبکہ غیر قانونی لون ایپس کی آن لائن تشہیر کو بھی بلاک کیا جائے گا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری ہراساں کیے جانے پر سائبر کرائم سرکل کو شکایت کر سکتے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے