جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی کے گھر چوری، ایک کروڑ نقدی غائب
ضلع چکوال میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے گھر چوری کی واردات میں ایک کروڑ سات لاکھ روپے اور آئی فون کا نقصان ہوا ہے۔
نجف حمید نے گھر کے ملازمین کے خلاف تھانہ نیلہ میں چوری کا مقدمہ درج کرایا ہے۔
سردار نجف حمید کی غیر موجودگی میں ملازمین نے ایک کروڑ 7 لاکھ روپے نقد اور ایک ائی فون 13 پرو موبائل چوری کئے۔
نجف حمید کے مطابق وہ وقوعہ کے روز بسلسلہ علاج گھر سے لاھور گئے ہوئے تھے۔
انہوں نے پولیس کو بتایا کہ واپس آئے تو لاکر سے ایک کروڑ 7 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون غائب تھے۔
مدعی کے مطابق ملزمان عاشق حسین اور مقصود احمد اُن کے پاس عرصہ دراز سے گھریلو ملازمت کرتے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ چوری کی واردات چھ اپریل کو ہوئی جبکہ مقدمہ تین ماہ کی تاخیر سے 13 جولائی کو درج کرایا گیا۔

