اہم خبریں متفرق خبریں

عمران خان کے ساتھی اعظم خان نے سائفر پر اعترافِ جُرم کر لیا: حکومت

جولائی 19, 2023

عمران خان کے ساتھی اعظم خان نے سائفر پر اعترافِ جُرم کر لیا: حکومت

پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے تعلقات کو مجروح کیا اور ملکی معیشت کو خراب کیا اور اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کی بنیاد پر ڈرامہ اور ڈھونگ رچایا۔

بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ عمران خان نے ایسا جرم کیا جس کی سزا ان کو ملنی چاہیے۔ عمران خان کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اُن کے سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا بیان اس سے پہلے آنے والی آڈیو کی تصدیق کرتا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ شاہ محمود قریشی اس منصوبہ بندی میں پوری طرح شریک جرم ہیں۔ اس ڈرامے کے ذریعے پاکستان میں نفرت پھیلانے اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے سازش رچائی گئی۔

رانا ثناءا اللہ کا کہنا تھا کہ اعظم خان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ انھوں نے عمران خان کو خفیہ دستاویز کو پبلک کرنے سے منع کیا لیکن انھوں نے اپوزیشن کے خلاف اس سائفر کو استعمال کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان سائفر کو اپنے پاس میں رکھ کر جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں اور اُس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک وہ خفیہ قومی دستاویز واپس جمع نہیں کرواتے۔

اس سے قبل اعظم خان سے منسوب یہ بیان نشر کیا گیا کہ انہوں نے اسلام آباد میں مجسٹریٹ کے سامنے سائفر کے معاملے پر 164 کا بیان قلمبند کیا ہے جس میں عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے