کراچی سے اسلام آباد جانے والی بس کو موٹروے پر حادثہ، 18 جل کر ہلاک
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی سے اسلام آباد جانے والی مسافر بس کو موٹروے پرحادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں آگ لگنے سے 18 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق بس کو حادثہ موٹر وے پر پنڈی بھٹیاں کے قریب اتوار کی صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا۔
مسافر بس اور پک اپ وین کے درمیان ٹکرکے بعد دونوں گاڑیاں شدید آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔
پک اپ وین میں ڈیزل کے دو ڈرم موجود تھے، آگ اتنی شدید تھی کہ دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے جن میں سے چار کی حالت نازک ہے۔
زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد پہنچا دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے جبکہ 18 افراد موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ پک اپ وین کا ڈرائیور بھی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا جس کے بعد اہل خانہ کے حوالے کی جائیں گی۔

