عمران خان کو جیل میں سہولیات پر جواب مانگیں گے: چیف جسٹس
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں سہولیات پر حکومت سے جواب طلب کریں گے۔
جمعرات کو سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ چیف جسٹس ہائی کورٹ مقدمہ سن رہے ہیں اچھی بات ہے۔ اپنے حکم نامے میں عمران خان کواٹک جیل میں ملنے والی سہولیات پر بھی سوال اُٹھائیں گے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں جس کے بعد سماعت میں وقفہ کیا گیا۔
تاہم بعد ازاں عدالتی عملے نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلوں پر مزید سماعت آج نہیں ہوگی۔
عملے کے مطابق سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔
اُدھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری کیس کی سماعت کی جہاں عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے دلائل کا آغاز کیا.
سماعت جمعے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی.