ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو بڑی شکست، جنوبی افریقہ فاتح
Reading Time: 2 minutesکرکٹ ورلڈ کپ کے 32 ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گے 358 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 36 ویں اوورز میں 167 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کیشیو مہاراج نے چار جب کہ مارکو جینسن نے تین وکٹیں حاصل کی۔
بدھ کو پونے میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد جنوبی افریقہ نے چار وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 357 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رَسی فین ڈر ڈسن 133 کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے جبکہ اُن کے علاوہ کوئنٹن ڈی کوک نے 124 اور ڈیوڈ ملر نے 53 رنز بنائے۔
کیویز کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی نے دو جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پونے میں کھیلے جانا والا دونوں ٹیموں کا اس ورلڈ کپ میں ساتواں میچ ہے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم چھ میچ کھیل چکی ہے جس میں انہیں پانچ میں جیت حاصل ہوئی جبکہ ایک میچ میں پروٹیئز کو ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اسی طرح نیوزی لینڈ نے بھی اس میگا ایونٹ میں چھ میچ کھیلے ہیں جس میں انہیں چار میچ جیت اور دو میچوں میں شکست حاصل ہوئی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے ورلڈ کپ میں میچوں کی بات کی جائے تو اب تک جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ 8 مرتبہ آمنے سامنے آئی ہیں جس میں چھ مرتبہ نیوزی لینڈ اور دو مرتبہ جنوبی افریقہ کو فتح حاصل ہوئی ہے۔
اگر جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کی بات کی جائے تو اب تک دونوں ٹیمیں آپس میں 71 میچ کھیل چکی ہیں جس میں 41 مرتبہ فتح پروٹیئز اور 25 مرتبہ کیویز نے جیت حاصل کی۔