ون ڈے کی کپتانی کا فیصلہ نہ ہو سکا، ٹیسٹ اور ٹی20 کے کپتان مقرر
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کرکٹ بوڑد نے بدھ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت اور بورڈ میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم کے ٹیسٹ اور ٹی 20 فارمیٹ میں نئے کپتانوں کا تقرر کر دیا گیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے بلے باز شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا ہے کہ شان مسعود کو ٹیسٹ میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی ٹی20 میں پاکستان کی قیادت کریں گے۔
بورڈ نے ون ڈے فارمیٹ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کا ابھی تک اعلان نہیں کیا ہے۔
ایک دوسرے اعلامیے میں پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر محمد حفیظ کو میل کرکٹ ٹیم کا ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے کوچنگ سٹاف کا پورٹ فولیو تبدیل کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈیمی میں کام کریں گے اور اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ آنے والے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے نئے کوچنگ سٹاف کا اعلان کرے گی۔
قبل ازیں بابر اعظم نے ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں بابراعظم نے کہا تھا کہ انہوں نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔