کھیل

میلبرن ٹیسٹ بھی چوتھے روز ختم، پاکستان کو سیریز میں شکست

دسمبر 29, 2023 2 min

میلبرن ٹیسٹ بھی چوتھے روز ختم، پاکستان کو سیریز میں شکست

Reading Time: 2 minutes

میلبرن میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے پاکستان کو 79 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

جمعے کو آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 317 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی دوسری اننگز میں دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے سکور کو 110 تک پہنچا دیا تھا۔

شان مسعود نے نصف سینچری سکور کی اور 60 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر سٹیو سمتھ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جو 41 رنز بنا کر ہیزل وُڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ پاکستان کا مجموعی سکور 146 رنز تھا۔

پانچویں وکٹ سعود شکیل کی صورت میں گری جو 24 رنز بنا کر سٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان اور آغا سلمان کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری سے میچ پر پاکستان کی گرفت تھوڑی مستحکم ہوئی تاہم 219 کے مجموعی سکور پر رضوان 35 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

عامر جمال، شاہین آفریدی اور میر حمزہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔
آغا سلمان نے نصف سینچری سکور کی۔

جمعے کو پانچ روزہ میچ کے چوتھے روز کھیل کے پہلے سیشن میں پاکستان کے فاسٹ بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔

شاہین آفریدی، میر حمزہ اور عامر جمال نے آسٹریلیا کے رہ جانے والے چار بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں آفریدی اور حمزہ نے چار، چار جبکہ عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلوی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 318 جبکہ پاکستان نے 264 رنز سکور کیے تھے۔

آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 360 رنز سے شکست دی تھی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے