پاکستان

الیکشن کا انعقاد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خاص پیغام

فروری 10, 2024 2 min

الیکشن کا انعقاد، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خاص پیغام

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر نے قوم کو خاص پیغام میں کامیاب الیکشن پر مبارکباد پیش کی ہے۔

سنیچر کی صبح جاری کیے پیغام کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے عام انتخابات 2024 کے کامیاب انعقاد پر پوری پاکستانی قوم، نگران حکومت، الیکشن کمیشن آف پاکستان، سیاسی جماعتوں اور تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارکباد پیش کی گئی۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام کے اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت، جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ
قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔

چیف آف آرمی سٹاف کا کہنا تھا کہ تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔

چیف آف آرمی سٹاف کے بیان کے مطابق انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے – پولرائزیشن اور انتشار 25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف کا کہنا تھا کہ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں۔

چیف آف آرمی سٹاف کے مطابقجب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خواہش کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے