منیسوٹا میں’ایک خوفناک دن‘، فائرنگ سے دو امریکی پولیس افسروں سمیت تین ہلاک
Reading Time: 2 minutesامریکہ میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے دو پولیس افسروں سمیت تین افراد کو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار کو زخمی کر دیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق واقعہ ریاست منیسوٹا کے شہر میناپولس میں اتوار کو ایسے گھر میں پیش آیا جہاں متعدد بچے بھی موجود تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کو گھر کے قریبی پڑوسیوں کی جانب سے مدد کے لیے کال کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ خاندان خطرے میں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کال کے بعد اہلکار گھر میں پہنچے تو مسلح شخص نے خود کو گھر میں موجود افراد کے ہمراہ بند کر رکھا تھا، جن میں سات بچے بھی شامل تھے۔
پولیس کی جانب سے اندر گھسنے کی کوشش پر اندر سے فائرنگ شروع کر دی گئی، ایک پولیس اہلکار اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوا تو اسے گولیاں مار دی گئیں، اسی طرح اوپر کی منزل سے ہونے والی فائرنگ سے دوسرا افسر نشانہ بنا۔
فائرنگ سے تیسرا افسر زخمی ہوا جبکہ اس کی مدد کے لیے پہنچنے والا فائر فائٹر بھی مسلح شخص کی فائرنگ میں آیا اور ہلاک ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والے دو افسروں کی عمر 27 برس تھی جبکہ فائر فائٹر کی عمر 40 سال بتائی گئی ہے۔
منی سوٹا کے انسداد جرائم سینٹر کے سربراہ ڈریو ایوانز اس کو ’ایک خوفناک دن‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موقع پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جبکہ مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
ڈریو ایوانز کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس گھر میں واقعہ پیش آیا وہاں کے پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ فائرنگ شروع ہونے سے قبل بولنے کی تیز آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔
ان کے بقول ’مشتبہ شخص کے پاس کئی بندوقیں، پستول اور بڑی تعداد میں گولیاں موجود تھیں اور پولیس کے پہنچنے پر اس نے گھر کے اندر سے ہی کئی مقامات پر پولیس پر فائرنگ کی جن کے دوران وہ اوپرکی منزلوں پر بھی گیا اور نیچے کے فلورز سے بھی گولیاں چلائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ حملہ آور پولیس کی گولیوں کا نشانہ بنا تاہم تھوڑی دیر بعد وہ مردہ حالت میں ملا۔
گھر میں موجود بچوں کو بچا لیا گیا اور ان میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا۔
مارے جانے والے افسران میں سے ایک کی شناخت پال ایلمزٹرینڈ کے نام سے بتائی گئی، جب کہ دوسرے کا نام میتھیو ریوج تھا اور ان کی عمریں 27 برس تھیں۔
زخمی ہونے والے اہلکار ایڈم میڈی کوٹ کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
سٹی پولیس چیف تانیہ شیوارٹز نے واقعے کے بعد بتایا کہ گھر سے تیز آوازیں آنے کے بعد پولیس کو فون کیا۔
پڑوسی الیسیا میکلم کا کہنا تھا کہ ’مجھے کھڑکی میں سے ایک خاتون اور بچے نظر آئے، ہم پولیس کے مشکور ہیں کہ انہوں نے قربانی دے کر کئی جانیں بچائیں۔