عمران ریاض پر مقدمہ کیا، عدالت میں کیا دفاع پیش کیا؟
Reading Time: < 1 minuteتحریک انصاف سے منسلک یوٹیوبر اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ عمران ریاض کو عدالت نے جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
رات گئے گرفتار کیے گئے یوٹیوبر کو جمعے کی دوپہر ضلع کچہری لاہور میں واقع اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا۔
عمران ریاض کی گرفتاری اینٹی کرپشن نے ڈالی ہے
عمران ریاض اور ان کے والد پر درابی جھیل کا ٹھیکہ اونے پونے داموں لینے کا الزام ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد کی عدالت میں حکام نے یوٹیوبر کو 14 دن کے ریمانڈ پر تفتیش کے لیے حوالے کرنے کی استدعا کی۔
عمران ریاض نے عدالت میں کہا کہ جس ٹھیکے کا کہہ رہے ہیں کہ اونے پونے داموں لیا جھوٹ بول رہے ہیں۔
عمران ریاض کے مطابق درابی جھیل کا گزشتہ ٹھیکہ ایک کروڑ 10 لاکھ کا تھا، جبکہ اُنہوں نے والد سے مل کے یہ ٹھیکہ 4 کروڑ سے زائد کا لیا۔
عمران ریاض نے عدالت میں رپورٹرز سے گفتگو میں کہا کہ اُن کو اپنی عدلیہ سے بڑی امید ہے۔ اگر بولتا ہوں تو اللہ کے سہارے یا پھر عدلیہ کی اس کرسی کا سہارا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سارا ظلم اپنی اس جان پر سہا ہے آج میری زبان میں دوبارہ اگر لکنت ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ میرے والد کو کرپٹ کہا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی عمران ریاض خان کو جوڈیشل ریمانڈپر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے۔