پاکستان

سعودی عرب کے خلاف شیر افضل مروت کے بیان سے پی ٹی آئی کا اظہارِ لاتعلقی

اپریل 18, 2024 2 min

سعودی عرب کے خلاف شیر افضل مروت کے بیان سے پی ٹی آئی کا اظہارِ لاتعلقی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان تحریک انصاف نے سعودی عرب کے خلاف شیر افضل مروت کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کو جاری کیے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ:

مرکزی قیادت کی ایما پر بطور مرکزی ترجمان جماعت کے رہنما شیر افضل مروت صاحب کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کےحوالے سے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دیکر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتا ہوں۔

شیرافضل مروت کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا مؤقف کی کسی طور پر بھی نہ تو غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ کلیتاً ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔

سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عزت مآب جناب محمد بن سلمان کے مابین باہم احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔

دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کیطرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمنّاؤں کے اظہار کے ساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے