پاکستان

سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ ترقی سے ہٹا نہیں سکتے: آرمی چیف

اپریل 27, 2024 2 min

سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ ترقی سے ہٹا نہیں سکتے: آرمی چیف

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’منفی پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا ٹرولز ہماری توجہ پاکستان اور عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے کام کرنے سے نہیں روک سکتے۔‘

جمعے کو گرین پاکستان انیشیٹیو کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں۔‘

جنرل عاصم نے کہا کہ ’عوام کے تعاون سے پاکستان کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے اور توجہ ہٹانے والوں کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی خوش حالی اور ترقی کے سفر میں کسی قسم کا عدم استحکام برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

آج کے دور میں معاشی استحکام کے بغیر مکمل خودمختاری کا تصور ممکن نہیں۔ آئیے، ہم سب مل کر منفی قوتوں کو رد کریں اور پاکستان کی ترقی اور استحکام کے سفر پر مرکوز رہیں۔‘

آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ ’فوج پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی اور ہماری کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی کے لیے کردار ادا کریں گی۔‘

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’پاکستان ایک بابرکت سرزمین ہے اور ہماری قوم محنتی اور باہمت ہے جسے قومی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘

جی پی آئی فورم کو اٹھائے گئے مختلف اقدامات اور مختصر مدت میں حاصل کی گئیں اہم کامیابیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

فورم کو بتایا گیا کہ ماڈل فارمز کے قیام، واٹر مینجمنٹ سکیموں، نئی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری سمیت مختلف اقدامات کا مقصد پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

گرین پاکستان انیشیٹیو (جی پی آئی) کانفرنس میں وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین سمیت سول اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے