پاکستان

اداکارہ زینب جمیل، قاتلانہ حملے میں چھ گولیاں مارنے کے ’پیچھے شوہر ہیں‘

مئی 26, 2024 2 min

اداکارہ زینب جمیل، قاتلانہ حملے میں چھ گولیاں مارنے کے ’پیچھے شوہر ہیں‘

Reading Time: 2 minutes

سابق اداکارہ و ماڈل جنہوں نے 2020 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا، نے سنیچر کو ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ان کو قتل کرانے کی ناکام کوشش میں شوہر ملوث ہیں۔

’آپ کی کنیز‘ نامی ڈرامے سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ پر بدھ کے روز لاہور کے ڈی ایچ اے فیز چھ میں دو نقاب پوش افراد نے حملہ کیا تھا۔

یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنی گاڑی پر اپنے سیلون جارہی تھیں۔

مسلح حملہ آوروں نے زینب جمیل کو شدید زخمی کر دیا تھا جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

انہوں نے لاہور کے ایک ہسپتال سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں کہا کہ ’یہ حملہ میرے شوہر نے کیا کیونکہ وہ مجھے گزشتہ دو ماہ سے دھمکیاں دے رہے ہیں۔‘

اداکارہ نے اپنے شوہر کے ساتھ ماضی کی بات چیت کے حوالے سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی۔
’میں ان دھمکیوں کو ہلکا لے رہی تھی کہ میرے بچوں کا باپ اپنے بچوں کی ماں کے ساتھ کچھ نہیں کر سکتا۔‘

زینب جمیل نے کہا کہ ’میرے پاس تمام ثبوت موجود ہیں، تاہم، میں پولیس کی تفتیش سے مطمئن نہیں ہوں۔ اور اب بھی میری جان کو خطرات لاحق ہیں۔ میرے دو چھوٹے بچے ہیں۔ مجھے مدد کی ضرورت ہے. مجھے اس حملے میں چھ گولیاں لگیں اور میری حالت ٹھیک نہیں ہے۔‘
’یہاں ہسپتال میں میڈیا والوں کو مجھ تک پہنچنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے کیونکہ وہ میری آواز کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

سابق اداکارہ نے آئی جی پنجاب سے اپیل کی کہ وہ ان کا کیس اٹھائیں اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائیں۔

اس سے قبل سابق اداکارہ نے ہسپتال میں ہوش میں آنے کے بعد بیان دیا تھا جس میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جب کہ ان کے بیوٹی سیلون کو دھمکی آمیز خط بھی پوسٹ کیا گیا تھا۔

زینب کا مزید کہنا تھا کہ وہ حملہ آوروں کو نہیں جانتی تھیں، تاہم یہ ظاہر ہے کہ یہ ایک منصوبہ بند حملہ تھا کیونکہ مسلح افراد بظاہر اس کے سیلون جاتے ہوئے ان کی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے پوری طرح تیار تھے۔

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے زینب کے چچا کی شکایت پر دو نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ انہوں نے جائے وقوعہ سے ایک پستول اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
خدا اور مبابت کے ساتھ ساتھ، زینب نے سدا سکھی رہو، سسرال میری بھین کا، منچلی، آپ کی کنیز اور دیگر کئی ڈراموں میں کام کیا۔

زینب جمیل نے دسمبر 2020 میں اپنی زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق گزارنے اور اسلام کے بارے میں مزید جاننے کی وجوہات بتاتے ہوئے شوبز سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے