کیا علی شیخانی کا کے الیکٹرک خریدنے کا اعلان شیخ چلی کا خواب ہے؟
Reading Time: 2 minutesرمضان میں شُتر مرغ کھلانے سے مشہور ہونے والے کراچی کی رفاہی تنظیم کے بانی ظفر عباس نے جب سے علی شیخانی نامی شخص کی کے الیکٹرک کمپنی خریدنے کی ویڈیو شیئر کی ہے وہ خبروں میں ہیں۔
ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ’کے الیکٹرک‘ کو خریدنے کا اعلان کرنے کے بعد لوگ علی شیخانی کو شیخ چلی کے نام سے بھی پکار رہے ہیں۔
علی شیخانی شیخانی گروپ آف کمپنیز کے سی ای او ہیں۔
علی شیخانی کی پیدائش 15 اکتوبر 1986 کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ہوئی۔ وہ 19 سال کی عمر میں امریکہ منتقل ہوئے جہاں انہوں نے ابتدائی طور پر ایک گیس سٹیشن میں ملازمت اختیار کی۔
انہوں نے یونیورسٹی آف ہوسٹن سے کریمنل جسٹس کی ڈگری اور ٹی کول لائسنس حاصل کر رکھا ہے۔
امریکہ منتقل ہونے کے بعد انہوں نے امریکی پولیس میں بھی وقت گزارا ہے۔ علی شیخانی کی مجموعی دولت کا تخمینہ 60 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ لگایا گیا ہے۔
علی شیخانی نے صرف 12 سال قبل سنہ 2012 میں امریکی ریاست ٹیکساس میں شیخانی گروپ کے نام سے مختلف کاروباروں پہ مشتمل کمپنیوں کا گروپ بنایا۔
اب اس گروپ کے امریکہ اور پاکستان کے علاوہ دوسرے ممالک میں بھی کاروبار ہیں۔
گروپ کی ویب سائٹ کے مطابق شیخانی گروپ کے تحت 40 کمپنیاں امریکہ اور پاکستان میں کاروبار کر رہی ہیں، جبکہ اس گروپ کے پاس 250 کرائے کی دکانوں کے آؤٹ لیٹس کی ملکیت بھی ہے۔
فیس بُک اور ایکس پر ویڈیو پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’پچھلے چار دنوں سے مجھے اور میری ٹیم کو ٹیگ کیا جا رہا ہے کہ کے الیکٹرک کو خرید لیا جائے۔ میں نے ظفر بھائی (جے ڈی سی کے سربراہ ) کو کہا ہے کہ وہ معلوم کریں کہ کے الیکٹرک فروخت ہو چکی یا فروخت ہونے والی ہے اور اسے خریدنے کا کیا طریقہ کار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے پیسے کمانے کا شوق نہیں اور نہ ہی وہ کراچی والوں سے پیسے لوٹیں گے بلکہ وہ اپنے شہر کے لوگوں کو تکلیف سے نکالنے کے لیے کے الیکٹرک خریدیں گے‘۔
علی شیخانی نے بجلی کمپنی کو خریدنے کے اعلان کے علاوہ شہر کراچی میں بے امنی پر بھی بات کی اور کہا کہ ’شہر میں موبائل فون نہ دینے پر لوگوں کو گولیاں مار دی جاتی ہیں.‘