ایلون مسک اور اُن کے امیر ساتھیوں سے ’تنگ پڑ گیا ہوں‘، امریکی صدر
Reading Time: 2 minutesامریکہ کے صدر جو بائیڈن کورونا کی وبا کا شکار ہو گئے ہیں اور ٹیسٹ مثبت آنے پر انہوں نے ایک ٹویٹ میں اپنی بیماری کا اعلان کرتے ہوئے طنز کیا کہ ’صدارتی الیکشن خریدنے والے ایلون مسک اور اُن کے امیر ساتھیوں نے تنگ کر دیا ہے۔‘
امریکی صدر جو بائیڈن کا لاس ویگاس کے دورے کے دوران کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے.
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کرائن جین پیئر نے 81 سالہ صدر کے مثبت ٹیسٹ کا اعلان کیا اور جو بائیڈن نے تشخیص کی وجہ سے تقریر منسوخ کر دی۔
جین پیئر نے کہا کہ ’انہیں ویکسین لگائی گئی ہے اور انہیں ہلکی علامات کا سامنا ہے۔‘
جو بائیڈن جب ڈیلاویئر میں صحت یاب ہونے کے لیے لاس ویگاس سے روانہ ہونے کے لیے ایئر فورس ون میں سوار ہوئے تو انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’میں بہتر محسوس کر رہا ہوں۔‘ لیکن وہ آہستہ آہستہ سیڑھیاں چڑھ رہے تھے، ریلنگ کو مضبوطی سے پکڑا ہوا تھا اور چند قدم رک کر اوپر کی طرف جاتے رہے۔
یہ بیماری بائیڈن کے لیے ایک ایسے وقت آئی ہے جب وہ ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اہم ریاستوں میں میدان ہار رہے ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ بائیڈن نے اپنے ڈیلاویئر بیچ ہاؤس میں ایک طویل ویک اینڈ گزارنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ بیماری انہیں صدارتی مہم سے کتنی دیر تک دور رکھے گی۔
بائیڈن کے ساتھی ڈیموکریٹس کو خدشہ ہے کہ وہ دوبارہ الیکشن لڑنے کے لیے بہت بوڑھے ہیں۔ متعدد ڈیموکریٹس ارکان چاہتے ہیں کہ وہ کسی دوسرے امیدوار کے حق میں دستبردار ہو جائیں۔
جو بائیڈن صدارتی دوڑ چھوڑنے کے مطالبات کو نہیں مانتے اور انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ صرف ’خدا‘ ہی انہیں پیچھے ہٹنے پر راضی کر سکتا ہے۔
امریکی صدر ماضی میں بھی کورونا کا شکار رہ چکے ہیں۔ 21 جولائی 2022 میں جو بائیڈن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ 27 جولائی کو صحت یاب ہو گئے تھے۔