مستونگ میں پولیس پر حملہ، سکول جاتے بچوں سمیت سات ہلاک
Reading Time: < 1 minuteبلوچستان کے ضلع مستونگ میں بم دھماکے میں سکول جاتے پانچ بچوں سمیت سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق جمعے کی صبح مستونگ سول ہسپتال اور گرلز سکول کے قریب پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے مستونگ میں سکول کے قریب بم دھماکے کی مذمت کی ہے اور محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔
ترجمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ اور موقع سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔
ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ جمعے کی صبح مستونگ کے مرکزی علاقے میں سول ہسپتال اور گورنمنٹ گرلز سکول کے قریب اس وقت ہوا جب طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد سکول آ رہی تھی۔
مستونگ پولیس ڈی ایس پی میاں داد عمرانی نے بتایا کہ بظاہر دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا مگر اس کی زد میں دکاندار، راہ گیر اور سکول کے طلبہ بھی آئے۔