کسٹمز کی کارروائی، پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس سے متعدد مہنگے فون برآمد
Reading Time: < 1 minuteپاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایئر ہوسٹس سے لاہور ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے متعدد مہنگے موبائل فون برآمد کر لیے۔
جمعے کو حکام نے بتایا کہ ابو ظہبی سے لاہور آنے والی پرواز کے بعد کسٹم حکام کی جانب سے چیکنگ کے دوران ایئر ہوسٹس سے جدید سمارٹ فونز برآمد کیے گئے۔
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ نے فی الفور ائیرہوسٹس اسما شوکت کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مزید تحیقات کے لیے محکمانہ کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
جرم ثابت ہونے کی صورت میں کمپنی پالیسی کے تحت سخت ترین سزا کا تعین کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق قومی ایئرلائن کے سی ای او پہلے سے ہی ایسے غیرقانونی کاموں کی روک تھام کے لیے ہدایات جاری کر چکے ہیں۔
اور اب ان اقدامات میں مزید سختی کے ساتھ تاکید کر کے ہدایات دی گئی ہیں۔
پاکستان انٹرنیشل ایئرلائنز کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ ملازمین کے کسی بھی خلاف ضابطہ اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کرتی۔
خیال رہے کہ ماضی قریب میں بھی ایسے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔