صحافی سے سیاستدان بننے والا دو پلاٹ ہڑپ کرتے پکڑا گیا
Reading Time: 3 minutesپنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے سینئر صحافی اصغر چوہدری ڈیلی ڈان، لطیف چوہدری اے پی پی کو میڈیا ٹاؤن اے بلاک میں ان کے پلاٹوں 334/335 کا قبضہ دلانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر رانا طاہر اور جنرل سیکرٹری طارق محمود چوہدری کو جاری کیے گے خط میں کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جاری احکامات پر بلاتاخیر اور فوری عملدرآمد کرایا جائے ، مذکورہ پلاٹوں پر لے آؤٹ پلان کے برعکس کی گئی غیر قانونی تجاوزات کا فوری خاتمہ کرایا جائے اور اس کام کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ منسٹریشن، پولیس اور آر ڈی اے سے معاونت حاصل کی جائے تاکہ کوئی لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ نہ بن سکے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے 12 فروری کی سماعت میں حکم جاری کیا تھا کہ چار دن میں مذکورہ پلاٹوں پر غیر قانونی تعمیرات تجاوزات کا خاتمہ کرکے پٹیشنرز اصغر چوہدری، لطیف چوہدری کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے اور 28 فروری کو عدالت میں فائنل رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ مذکورہ سینئر صحافیوں اصغر چوہدری ڈیلی ڈان کے پلاٹ نمبر 334/A۔ اور لطیف چوہدری اے پی پی پلاٹ نمبر 335/A کو نیشنل پریس کلب کے سابق صدر اور آزاد کشمیر کے سابق وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے قبضہ کرکے اپنے وسیع و عریض بنگلے جموں ہاؤس میں شامل کر رکھا ہے۔
متاثرہ صحافیوں کے مطابق جموں ہاؤس موقع پر پانچ کنال سے زائد اراضی پر محیط ہے اور ان کی طرف سے دو سینئر ترین صحافیوں کے پلاٹوں پر قبضہ کیے جانے کے وقت میڈیا ٹاؤن کے الاٹیوں کی کسٹوڈین راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی منتخب باڈی نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی اختیار کیے رکھی تھی۔
قبل ازیں میڈیا ٹاؤن اے بلاک میں سینئر صحافیوں اصغر چوہدری ڈیلی ڈان ۔لطیف چوہدری اے پی پی کو پلاٹ نمبر 334/335 سے محروم کرنے کے خلاف پٹیشن پر ہائیکورٹ کے حکم سے اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر ایمان نے تمام متعلقہ اداروں پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ۔پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی پھاٹا کواپرٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے نمائندوں اور پٹیشنرز کے ہمراہ میڈیا ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفتر میں انکوائری کی اور ریکارڈ کا معائنہ کرنے اور متعدد سوالات اٹھانے کے بعد اے بلاک میں ختم کیے گئے پلاٹس کا سائٹ وزٹ کیا۔
پریس کلب ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری طارق چوہدری نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ سوسائٹی دفتر کے پاس منظور شدہ لے آؤٹ پلان کی تصدیق شدہ نقل ہی موجد نہیں، وہ متعدد مرتبہ پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کو لیٹر لکھ چکے مگر انہیں کاپی نہیں دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ نہ سوسائٹی لے آؤٹ پلان تبدیل کرسکتی ہے نہ پلاٹ الاٹ کرسکتی ہے نہ کینسل کرسکتی ہے۔
انکوائری کے دوران سوسائٹی کے نمائندے نے انکشاف کیا کہ اے بلاک میں پانچ سے چھ کنال پر بنے جموں ہاؤس کا بلڈنگ منظور شدہ نہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کو پنجاب جرنلسٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی اور کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ پٹیشنرز کو لے آؤٹ پلان کے مطابق پلاٹ الاٹ کیے گئے اور پریس کلب ہاؤسنگ سوسائٹی نے الاٹمنٹ کے مطابق انہیں قبضہ دیا اس کے بعد لے آؤٹ پلان میں تبدیلی کر کے مذکورہ پلاٹوں کی نمبرنگ تبدیل کردی گئی اور مذکورہ دو پلاٹس موقع سے ختم کردئیے گئے۔
بعدازاں سائٹ وزٹ میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ایمان کے حکم پر جموں ہاؤس کے فرنٹ، اس کے لانز اور تعمیرات کی پیمائش کی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا گیا کہ اس ایک لین میں 9 پلاٹ تھے اور اس وقت چار پلاٹوں پر چار گھر بنے ہیں جبکہ پانچ پلاٹوں پر جموں ہاؤس اور اس کے لان بنے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے سائٹ وزٹ مکمل کر کے اپنی رپورٹ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن کی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
عدالت نے سیکرٹری اطلاعات پنجاب کو بھی اگلی سماعت پر طلب کررکھا ہے ۔