کوہاٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی کے دو اہلکار قتل
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو قتل کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مارے گئے اہلکار کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔ اور یہ واقعہ تانڈہ ڈیم کے قریب پیش آیا۔
مقتول اہلکاروں کی لاشیں فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی گئیں جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی۔
ادھر انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ کے علاقہ تاندہ ڈیم کے قریب پولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیا ہے۔
پشاور سے جاری بیان کے مطابق صوبائی پولیس کے سربراہ نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
پولیس چیف نے حملے میں ملوث شرپسندوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔

