کالم

سب کچھ تباہ ہوتے دیکھ کر دکھ تو ہوتا ہے

اپریل 23, 2025 2 min

سب کچھ تباہ ہوتے دیکھ کر دکھ تو ہوتا ہے

Reading Time: 2 minutes

دس گھنٹے کی لمبی پرواز میں تین ہندی فلمیں دیکھنے کا اتفاق ہوا۔
شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر جوان،سلمان خان کی بلاک بسٹر ٹائیگر تھری اور کرن جوہر کی راکی اور رانی کی پریم کہانی۔

عرصہ ہوا ہندی فلموں سے دل اچاٹ ہوچکا ہے،لیکن راکی اور رانی کی پریم کہانی ایک دلچسپ موضوع لئے ہوئے تھی،مجھے بھی آج کل یہی لگتا ہے کہ انسانی نفسیات میں تین سال سے پانچ سال تک کی عمر کی کنڈیشننگ ہی سب سے اہم ہے،یہی وہ عمر ہے جس میں انسانی نفسیات کی تشکیل ہوجاتی ہے۔فلم میں پنجابی ہیرو بنگالی کلچر میں اپنی کنڈیشننگ کے عین مطابق اکثر چیزوں کے بارے میں درست اور نادرست کا فیصلہ کرتا ہے،درست اور نادرست کا فیصلہ کرتا ہے۔ہیرو کی کنڈیشننگ ایک مخصوص پنجابی پس منظر میں ہوتی ہے جبکہ ہیروئین امریکا سے پڑھی لکھی ہے۔

میں آج کل ایک ملٹی کلچرل معاشرے میں رہتا ہوں،میری سٹریٹ پر دس کے قریب برٹش خاندان،ایک بنگالی اور ایک پاکستانی پس منظر کے گھرانے رہتے ہیں۔

بچے کو تین سال کی عمر میں نرسری میں داخل کر دیا جاتا ہے،سکول کا وقت بارہ بجے سے تین بجے تک ہوتا ہے،ان تین گھنٹوں میں کھیل کے علاوہ بچوں کی کنڈیشننگ پر زور رکھا جاتا ہے۔

عید سے دو روز پہلے بچوں کو عید کارڈ دئیے گئے اور انہیں کلر کرنے کا کہا گیا،اس کے بعد چھٹی کے وقت انہیں کہا گیا کہ یہ کارڈ کسی مسلم خاندان کے گھر پہنچایا جائے۔
عید سے ایک روز پہلے میرے گھر تین عید کارڈ پہنچ گئے،نرسری میں افریقین،چینی،ساؤتھ ایسٹ ایشین،ایسٹ یورپین اور برٹش بچے پڑھتے ہیں اور ساتھ کھیلتے ہیں،یوں رنگ،نسل کا تعصب ختم کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں جانے کب تعلیمی اصلاحات ہوں گی۔

جانتا ہوں کہ جب میں پاکستان کے سیاستدانوں پر تنقید کرتا ہوں تو احباب کو لگتا ہے کہ جیسے اس تنقید کا فائدہ آمروں کو ہو رہا ہے جو دہائیوں سے قوم کو کنڈیشن کر رہے ہیں کہ سیاستدان نااہل،کرپٹ اور غیر محب وطن ہوتے ہیں۔

احباب مجھے چھوٹی برائی اور بڑی برائی کا سبق پڑھانا چاہتے ہیں،وہ چاہتے ہیں کہ میں سیاستدان کو وقت دوں۔
میرا سوال یہ ہے کہ اب پی پی پی کو سندھ میں پندرہ سال ملے ہیں تو کیا بنیادی نوعیت کی اصلاحات ہوئی ہیں؟مثال کے طور پر آبادی کو تھامنے کے لیے کیا ہوا؟تعلیمی نظام میں کیا اصلاحات ہوئیں؟کالج سکول میں کیا ہوا؟مذہب بلکہ قبر پرستی جو کہ سندھ کے عوام کا خون چوس رہی ہے کو کم کرنے کے لئے کیا اقدامات ہوئے؟کس آمر نے ان کو روکا ہوا ہے؟

پختونخوا میں پاکستان تحریک عمران کو پندرہ سال ہوجائیں گے،آپ کو سچ مچ ایک بھی اصلاح نظر آئی؟
گراس روٹ لیول پر ایک بھی تبدیلی؟
آپ کیا پروڈیوس کر رہے ہیں؟

نون لیگ کو بھی شاید 20 سال مل چکے ہیں لیکن پنجاب میں اربنائزیشن کے ثمرات کے علاوہ کیا تبدیلی آئی؟ کون سی شعوری کوشش ہوئی ہے؟جینڈر رولز کے بارے میں آگہی کا کیا ہوا؟انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے کیا ہوا؟ملٹی ایتھنک سوسائٹی کے بجائے ایک ایسا معاشرہ بنایا گیا جہاں اقلیتیں ختم ہوگئی،اپنی آنکھوں کے سامنے سب کچھ تباہ ہوتے دیکھ کر دکھ تو ہوتا ہے۔

سیاست قوم اور ملک کو آگے لیجانے کا نام ہے،لیکن کیا قوم آگے جا رہی ہے؟اچھے ادیب،اچھے شاعر،اچھے کھلاڑی،اچھے ڈاکٹر،اچھے وکیل،اچھے سیاستدان کم ہو رہے ہیں،جس معاشرے سے ایکسیلینس اور کومپیٹینس، اہلیت ختم ہو رہی ہو اس کا انجام سمجھنے اور سمجھانے کی کوئی ضرورت باقی رہ جاتی ہے؟

لیکن کبھی کبھی جی چاہتا ہے کہ انسان پہاڑوں کے درمیان کھڑا ہو کر زور زور سے چلائے،کم از کم اس کی اپنی بازگشت تو اسے سنائی دے جائے،اس کا جی تو ہلکا ہوجائے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے