عالمی خبریں

‎پہلگام حملے والا کشمیری گروپ امریکی ’دہشت گرد‘ تنظیموں کی فہرست میں شامل

جولائی 18, 2025

‎پہلگام حملے والا کشمیری گروپ امریکی ’دہشت گرد‘ تنظیموں کی فہرست میں شامل

‎امریکہ نے 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کو ’دہشت گرد‘ قرار دے دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) کو پاکستان میں موجود لشکر طیبہ کا ’فرنٹ (گروپ) اور پراکسی‘ قرار دیا جو اقوام متحدہ کی جانب سے نامزد دہشت گروپ ہے۔

’کشمیر ریزسٹنس‘ نامی گروپ جسے ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ (ٹی آر ایف) کہا جاتا ہے نے 22 اپریل کو انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سیاحوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد قرار دیے جانا ’ہمارے قومی سلامتی کے مفادات کے تحفظ، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور امریکی صدر کے پہلگام حملے کے لیے انصاف کے مطالبے پر عملدرآمد کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹی آر ایف گروپ 2019 میں سامنے آیا تھا اور اسے پاکستان میں موجود گروپ ’لشکر طیبہ‘ کی ذیلی شاخ سمجھا جاتا ہے۔

نئی دہلی میں قائم تھنک ٹینک ’ساؤتھ ایشیا ٹیررازم پورٹل‘ کے مطابق ’پاکستان کسی بھی دہشت گرد گروپ کی حمایت کی تردید کرتا ہے۔‘

انڈین حکام کا کہنا ہے کہ ’ٹی آر ایف سوشل میڈیا اور آن لائن فورمز پر ’کشمیر ریزسٹنس‘ کا نام استعمال کرتا ہے۔‘
’اس گروپ نے اسی نام سے انڈیا کے زیرِانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے